ویب ڈیسک: ہسپانوی شہر بارسلونا میں ہونے والے فٹبال ڈربی میچ سے قبل ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک کار شائقین کے ہجوم پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ آر سی ڈی ای اسٹیڈیم کے قریب پیش آیا جہاں بڑی تعداد میں شائقین بارسلونا اور ایسپانیول کے درمیان میچ دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ خوفناک ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید رنگ کی گاڑی ہجوم کے بالکل سامنے کھڑی ہے، جبکہ مشتعل شائقین اس پر پانی کی بوتلیں پھینک رہے ہیں، اور پھر گاڑی اچانک آگے بڑھ کر شائقین کو روندتی ہوئی گزر جاتی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، کاتالان پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا بلکہ ممکنہ طور پر ڈرائیور، جو کہ ایک خاتون بتائی جا رہی ہیں، گاڑی پر قابو کھو بیٹھی تھیں۔ پولیس نے مذکورہ خاتون کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
زخمی ہونے والے افراد کی حالت تشویشناک نہیں بتائی جا رہی۔ موقع پر سات ایمبولینسز پہنچیں اور کئی زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ویڈیوز میں بعض شائقین کو خون آلود چہروں کے ساتھ روتے اور مدد کے لیے پکارتے ہوئے دیکھا گیا۔
واقعے کے بعد مسلح پولیس فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور صورت حال کو قابو میں کیا۔ ایسپانیول کی جانب سے میچ کے دوران اعلان کیا گیا کہ حادثے پر قابو پا لیا گیا ہے اور زیادہ تر زخمیوں کی حالت معمولی ہے۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی آمد کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی روز ہونے والے میچ میں بارسلونا نے اسپانیول کو 0-2 سے شکست دے کر لا لیگا ٹائٹل اپنے نام کیا۔