ویب ڈیسک: دنیا کے معروف ترین ارب پتی ایلون مسک کی ٹرانسجینڈر بیٹی ویوین جینا ولسن نے ماڈلنگ کے میدان میں پہلا قدم رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 21 سالہ ویوین نے 15 مئی کو مشہور فیشن برانڈ "وائلڈ فینگ" کی حالیہ تشہیری مہم کے ذریعے اپنے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز کیا۔ ویوین نے انسٹاگرام پر اس مہم سے متعلق اپنی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں، جن میں انہیں نہایت اعتماد اور جرات کے ساتھ کیمرے کے سامنے دیکھا جا سکتا ہے۔
"وائلڈ فینگ" کی سی ای او ایما میکلروئے نے ایک بیان میں ویوین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری ان تمام اقدار کی نمائندگی کرتی ہیں جن پر ہمارا برانڈ یقین رکھتا ہے، جیسے کہ بہادری، ذہانت، اور بے باک اظہار۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یہ مہم ویوین کی شناخت، شخصیت اور حوصلہ افزائی کے پیغام کو سراہنے کا ایک موقع ہے، جو وہ ٹرانس کمیونٹی کے لیے پیش کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ویوین نے 2022 میں عدالت میں ایک پٹیشن دائر کر کے نہ صرف اپنا نام اور جنس تبدیل کروائی تھی بلکہ اس عمل کے دوران انہوں نے اپنے والد ایلون مسک سے تمام تر تعلق ختم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا۔