والدین بچوں کو انٹرنیٹ کے خطرات سے محفوظ رکھیں: یونیسیف

والدین بچوں کو انٹرنیٹ کے خطرات سے محفوظ رکھیں: یونیسیف
کیپشن: والدین بچوں کو انٹرنیٹ کے خطرات سے محفوظ رکھیں: یونیسیف

ویب ڈیسک: انٹرنیٹ آج تعلیم اور تفریح کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، مگر سائبر بُلنگ، نامناسب مواد اور پرائیویسی کے خطرات بھی اسی کے ساتھ موجود ہیں۔ یونیسیف نے والدین کیلئے رہنما اصول جاری کرتے ہوئے بچوں کو آن لائن دنیا کے نقصانات سے بچانے کے طریقے بتائے ہیں۔

یونیسیف کے مطابق سب سے مؤثر قدم بچوں کے ساتھ کھلی اور مسلسل گفتگو ہے۔ والدین کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ بچے کس سے بات کر رہے ہیں اور کون سی ایپس استعمال کر رہے ہیں۔

بچوں کو یہ سمجھانا ضروری ہے کہ انٹرنیٹ پر شیئر کی جانے والی تصاویر یا ویڈیوز ہمیشہ ایک ڈیجیٹل نشان چھوڑتی ہیں۔ گھر میں گیجٹس اور انٹرنیٹ کے استعمال کے واضح اصول اور اوقات مقرر کیے جائیں تاکہ بچوں کی پڑھائی، کھیل اور نیند متاثر نہ ہو۔

ماہرین نے کہا کہ بچوں کے فونز، ٹیبلٹس اور کمپیوٹرز کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے اور پرائیویسی سیٹنگز اور پیرنٹل کنٹرولز فعال کیے جائیں۔ بچوں کو یہ سکھایا جائے کہ اپنا نام، پتہ، اسکول یا تصاویر کسی اجنبی سے شیئر نہ کریں اور ضرورت نہ ہونے پر ویب کیم بند یا ڈھانپ کر رکھا جائے۔

یونیسیف کی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ والدین بچوں کے ساتھ آن لائن وقت گزاریں، تعلیمی مواد یا کھیلوں میں ان کی مدد کریں تاکہ سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔ بچوں کو اشتہارات، جعلی خبروں اور منفی پیغامات کو پہچاننے کا شعور بھی دیا جائے اور عمر کے مطابق محفوظ ایپس کا انتخاب کیا جائے۔

والدین خود بھی موبائل اور سوشل میڈیا کا متوازن استعمال کریں تاکہ بچوں کے لیے مثبت مثال قائم ہو۔ انٹرنیٹ کو بچوں کی تخلیقی صلاحیتیں بڑھانے اور نئی مہارتیں سیکھنے کے لیے استعمال کیا جائے، لیکن جسمانی کھیل اور آف لائن سرگرمیوں کا توازن برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔

مزید یہ کہ والدین کو اسکول کی ڈیجیٹل پالیسیز اور مقامی ہیلپ لائنز سے آگاہ رہنا چاہیے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری مدد حاصل کی جا سکے۔

Watch Live Public News