ویب ڈیسک: منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کے گاہکوں کے حوالے سے اعلیٰ پولیس افسران نے اہم فیصلے کر لیے ہیں۔
کراچی میں کیس کی پیشرفت پر اعلیٰ پولیس افسران کی کمیٹی کا پہلا اجلاس ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر، ایس ایس پی عرفان بلوچ، عامر فاروقی، شیراز نذیر اور ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو نے بھی شرکت کی۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ملزمہ کے کارٹیل کے بینک اکاؤنٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور رقوم کی منتقلی، ڈیلرز اور نیٹ ورک کے سراغ کے لیے ٹیکنیکل وسائل استعمال کیے جائیں۔
مزید برآں، اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنکی سے منشیات خریدنے والے گاہکوں کو مقدمات میں گواہ بنایا جائے۔ رضاکارانہ طور پر ملزمہ کے خلاف بیان دینے والے افراد کو تحقیقات میں شامل کر کے بطور گواہ استعمال کیا جائے گا۔