ویب ڈیسک :بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث 10 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جھانسی شہر کے مہالکشمی بائی میڈیکل کالج میں آگ بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ (این آئی سی یو) میں لگی تھی۔ ضلعی مجسٹریٹ نے 10 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
جھانسی کے چیف میڈیکل سپرنٹینڈنٹ سچن موہر نے کہا کہ واقعہ آکسیجن کنسنٹریٹر کے باعث ہوا۔ رپورٹ کے مطابق این آئی سی یو وارڈ میں 54 بچے داخل تھے کہ اچانک آکسیجن کنسنٹریٹر میں آگ لگ گئی آکسیجن کے باعث آگ تیزی سے پھیلی۔
جھانسی کے ضلعی مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ جمعے کی رات شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی تھی۔کمشنر اور ڈی آئی جی کی نگرانی میں ایک انکوائری کمیٹی وزیر اعلیٰ کو رپورٹ درج کرائے گی۔
عینی شاہد ریشبھ یادیو نے بتایا کہ وارڈ میں قریب 50 بچے تھے اور آگ لگنے پر ہسپتال میں افراتفری شروع ہو گئی تھی۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ اپنے بچوں کے ہمراہ دوڑتے ہوئے ایمرجنسی وارڈ جا رہے تھے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر افسوس ظاہر کیا ہے اور متاثرین کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی ہے۔ جبکہ نائب وزیراعلی نے اسپتال کا دورہ بھی کیا ہے ۔