ویب ڈیسک: کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر فرقہ وارانہ بھائی چارے کی شاندار تاریخ کا حامل ہے۔ یہاں مسلمانوں اور اقلیتی برادری کے مابین اعتماد و احترام کی فضا قائم رہی ہے۔ کشمیر کی سکھ برادری انتہائی مشکل حالات میں مسلمانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
میرواعظ نے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکھوں نے چھٹی سنگھ پورہ کے المناک واقعے کے وقت بھی مسلمانوں کے ساتھ بھائی چارے کو نبھایا۔ میرواعظ نے سکھ برادری کو ان کے مذہبی تہوار گرو پورب کی مبارک باد دی۔
کشمیر میڈیا سروس نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اہلکار گھروں پر چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں کرتے ہیں۔ بھارتی فوجی گھریلو سامان اورقیمتی اشیاء کی لوٹ مار میں ملوث ہیں۔ بھارتی فوجی چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کوخوف ودہشت کا نشانہ بنارہے ہیں۔ کشمیریوں کو بھارتی فوج اور پولیس کے مخبر بننے پر مجبور کیا جاتا ہے۔