ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی اداکارہ نورا فتیحی نے ڈرگ سنڈیکیٹ کی تحقیقات میں اپنے نام کو جوڑے جانے کی سختی سے تردید کی ہے اور میڈیا کو خبردار کیا ہے کہ اس کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے داؤد ابراہیم کے مبینہ ڈرگ نیٹ ورک کی تحقیقات کے دوران نورا فتیحی کا نام سامنے آیا تھا۔ اس پر ردِعمل دیتے ہوئے نورا فتیحی نے انسٹاگرام پر ایک بیان میں کہا کہ وہ پارٹیوں میں نہیں جاتیں، ہمیشہ فلائٹس میں رہتی ہیں اور اپنا وقت محنت میں گزارتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان لوگوں سے میل جول نہیں رکھتیں جن کا تعلق اس قسم کی سرگرمیوں سے ہو۔
نورا فتیحی نے ماضی میں اپنے خلاف سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام آسان ہدف بن چکا ہے، لیکن اس بار وہ خاموش نہیں رہیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ان کا نام کسی غلط معاملے میں استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سنگین نتیجہ ہوگا۔
یاد رہے کہ ممبئی پولیس کی اینٹی نارکوٹکس سیل نے سلیم ڈولا کے نیٹ ورک پر کارروائی کی تھی، جس کے بعد کئی بالی ووڈ اداکاروں اور ماڈلز کے نام سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سلیم ڈولا میفیڈرون (M-Cat/Ice) سپلائی کرتا تھا اور ڈرگ پارٹیاں منعقد کراتا تھا۔
مذکورہ تحقیقات کے دوران بالی ووڈ شخصیات کے بیانات ریکارڈ کرنے کی توقع کی جارہی ہے۔