بھارتی اداکارہ کے گھر سے تاجر کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

بھارتی اداکارہ کے گھر سے تاجر کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
کیپشن: بھارتی اداکارہ کے گھر سے تاجر کی لاش برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

ویب ڈیسک: بھارتی اداکارہ، ماڈل اور بگ باس کناڈا کی سابق امیدوار کرشی تھاپنڈا کے بنگلورو میں واقع گھر سے ایک 45 سالہ تاجر کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی کی شناخت ویشاک کے نام سے ہوئی ہے، جو 24 جون کی شب راج راجیشوری نگر میں واقع کرشی تھاپنڈا کے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ویشاک ذہنی دباؤ کا شکار تھے اور ان کا اداکارہ کے فلیٹ پر آنا جانا تھا۔ واقعے کے وقت اپارٹمنٹ میں وہ اکیلے موجود تھے۔

پولیس کے مطابق واقعے سے قبل ویشاک نے کرشی تھاپنڈا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا۔ اداکارہ نے فوری طور پر ان کے اہلِ خانہ کو اطلاع دی، تاہم ان کے پہنچنے تک ویشاک جاں بحق ہو چکے تھے۔

تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ یا ویڈیو پیغام برآمد نہیں ہوا۔ ویشاک کے والد کی شکایت پر پولیس نے غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔

Watch Live Public News