(ویب ڈیسک ) ایک چینی روبوٹکس کمپنی نے اپنے (IRON ) روبوٹ کی ٹانگیں اسٹیج پر کاٹ کر یہ ثابت کیا کہ اس کے اندر کوئی انسان چھپا نہیں ہوا جو بالکل ہموار اور انسانوں جیسی حرکات انجام دے رہا ہو۔
XPeng موٹرز (جو کہ چین کا نیا انرجی وہیکل برانڈ ہے) نے 5 نومبر کو اپنا ساتواں XPeng ٹیکنالوجی ڈے منعقد کیا، جہاں اس نے IRON انسان نما روبوٹ کا جدید ترین ورژن پیش کیا۔ اس ایونٹ کی نمایاں جھلکیوں میں سے ایک وہ لمحہ تھا جب روبوٹ اسٹیج پر نہایت روانی سے، تقریباً بلی جیسے انداز میں چل کر آیا، جس نے شرکاء کو حیران کردیا۔
لائیو شو کے دوران بنائی گئی ویڈیوز بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، اور زیادہ تر ناظرین روبوٹ کی حقیقت پسندانہ چال دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ کچھ لوگوں نے تو یہ تک قیاس کیا کہ اس دھاتی جال دار جسم کے اندر ضرور کوئی انسان چل رہا ہے۔
افواہوں نے اتنا زور پکڑا کہ XPeng موٹرز کے چیئرمین اور سی ای او، ہہ شیاوپنگ، نے اپنے عملے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ IRON روبوٹ کی ٹانگ کاٹ کر دکھا رہے ہیں کہ اندر کوئی انسان نہیں۔

ہہ شیاوپنگ نے کہا کہ ہمیشہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو یقین نہیں کرتے کہ دنیا اتنی تیزی سے بدل رہی ہے۔ آج صبح، انہوں نے مجھے مجبور کیا کہ ایک ہی شاٹ میں، بغیر ایڈیٹنگ کے ویڈیو بناؤں تاکہ اس سوال کا جواب دیا جا سکے۔ اُمید ہے کہ سب لوگ سچ اور جھوٹ میں فرق کر سکیں گے اور ہماری وضاحت میں مدد کریں گے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ XPeng کا عملہ قینچی کی مدد سے روبوٹ کی بائیں پنڈلی کی سفید ’جلد‘ اور اندر موجود لچکدار فائبرزکو کاٹتا ہے، جس سے روبوٹ کا دھاتی ڈھانچہ واضح ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد روبوٹ اسٹیج سے چل کر باہر چلا جاتا ہے جبکہ حاضرین پرجوش انداز میں تالیاں بجاتے ہیں۔
ہہ شیاوپنگ نے اپنے ویبو اکاؤنٹ پر لکھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ آخری بار ہے جب ہمیں ثابت کرنا پڑ رہا ہے کہ IRON روبوٹ واقعی ایک روبوٹ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آج کے بعد زیادہ لوگ یقین کریں کہ بلی کی طرح چلنے والا یہ روبوٹ ایک چینی کمپنی نے بنایا ہے۔
XPeng وہ پہلی کمپنی نہیں ہے جس نے لوگوں کو اپنے روبوٹ کی روانی سے کی جانے والی حرکات سے حیران کیا ہو۔ رواں سال ہی چینی روبوٹکس اسٹارٹ اپ Engine AI نے بھی ایک ایسا انسان نما روبوٹ پیش کیا تھا جو حیرت انگیز طور پر روانی سے حرکات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔