ویب ڈیسک: بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم بن گیا۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کو 15 لاکھ 25 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کردیے گئے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کاروائیوں میں 188 فیصد اضافہ ہوا۔ لاہور ٹریفک پولیس نے 4 لاکھ 96 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر چالان ٹکٹ جاری کیے۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹریفک پولیس گوجرانوالہ نے 1 لاکھ 65 ہزار 402، فیصل آباد نے 1 لاکھ 46ہزار، راولپنڈی نے 1 لاکھ 30 ہزار شہریوں کو بغیر لائسنس پر جرمانے کیے۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھیں۔ صوبہ بھر میں ناکہ جات لگا کر لائسنس کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ بغیر لائسنس گاڑی موٹرسائیکل چلانے والے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف 2000 کے جرمانے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جرمانے اور قانونی کاروائی سے بچنے کے لیے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں۔ شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل خدمت مراکز اور لائسنس سینٹر کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔
شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔