ڈونلڈٹرمپ کا ایک مرتبہ پھرپاکستان کیجانب سے بھارت کے 7 طیارے مارگرانے کا ذکر

ڈونلڈٹرمپ کا ایک مرتبہ پھرپاکستان کیجانب سے بھارت کے 7 طیارے مارگرانے کا ذکر
کیپشن: ڈونلڈٹرمپ کا ایک مرتبہ پھْرپاکستان کیجانب سے بھارت کے 7 طیارے مارگرانے کا ذکر

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہونے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے سات جنگی طیارے پاکستان نے مار گرائے تھے، اور اسی واقعے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ جوہری جنگ رک گئی۔

اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اب تک آٹھ مختلف جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "بھارت اور پاکستان جوہری جنگ کے دہانے پر تھے، مگر میری مداخلت سے لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔"

ٹرمپ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ان سے براہ راست رابطہ کرکے کہا کہ "آپ نے لاکھوں جانیں بچائیں۔" امریکی صدر نے وضاحت کی کہ یہ بات دراصل اُس ممکنہ ایٹمی تصادم کی طرف اشارہ تھی جو دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کسی بھی وقت شروع ہوسکتا تھا۔

صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ انہوں نے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ دیگر خطوں میں بھی تنازعات کے حل میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "مجھے جنگیں روکنا پسند ہے، اور میں تجارت کو بطور ہتھیار استعمال کرتا ہوں تاکہ جنگیں ختم کی جا سکیں۔"

بعد ازاں وائٹ ہاؤس میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دوبارہ اس واقعے کا ذکر کیا اور کہا کہ "میں نے صرف آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں روکیں، مگر پھر بھی نوبیل انعام نہیں ملا۔ شاید اگلا سال میرے لیے بہتر ہو۔"

امریکی صدر نے اپنی گفتگو کے دوران یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ امن کے قیام کے لیے تمام عالمی فریقوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔

ٹرمپ کے اس بیان نے ایک بار پھر پاک بھارت تنازعے اور اُس وقت کے واقعات کو عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، جن کے بارے میں بھارت اور پاکستان دونوں کی اپنی اپنی بیانیے کے مطابق متضاد دعوے موجود ہیں۔

Watch Live Public News