دوحہ: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

دوحہ: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
کیپشن: دوحہ: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے اہم ملاقات،خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے دوحہ میں عرب و اسلامی ممالک کے ہنگامی سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حرمین شریفین سے اپنی گہری عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کے متوقع دورۂ ریاض کے منتظر ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور ان روابط کو مزید مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب دوحہ میں عرب و اسلامی ممالک کا ہنگامی اجلاس جاری ہے، جس میں اسرائیلی حملوں اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے بھی خطاب کیا اور قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے فوری حل پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس کے دوران نہ صرف سعودی ولی عہد بلکہ دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان میں فلسطین کے صدر محمود عباس، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، تاجکستان اور مصر کے صدور اور ملائیشیا کے وزیراعظم شامل تھے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستانی عوام کی یکجہتی کو خراج تحسین پیش کیا۔

ماہرین کے مطابق یہ اجلاس امت مسلمہ کے اتحاد اور علاقائی امن قائم کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔ قطر پر حالیہ اسرائیلی حملے اور غزہ میں بڑھتے مظالم کے تناظر میں یہ سربراہی اجلاس غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے، جہاں مسلم ممالک کی مشترکہ آواز عالمی برادری کے لیے ایک اہم پیغام ثابت ہوگی۔

Watch Live Public News