ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر دوحہ میں ہوئی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی۔ وزیراعظم نےپاکستان کی جانب سے قطر سے اظہار یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حملہ قطر کی خود مختاری اور سالمیت سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان اور قطر کے درمیان گہرے، تاریخی اور طویل مدتی تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے مشرق وسطی میں اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مسلسل اشتعال انگیزی کے تناظر میں مسلم امہ کا اتحاد ناگزیر ہے۔
امیر قطر نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت اور قطر سے اظہار یکجہتی پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا اور دونوں رہنماؤں نےخطے کی بدلتی صورتحال پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔