(ویب ڈیسک) صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن جلالپور پیروالا پہنچ گئے اور کشتی کے ذریعے سیلاب میں پھنسے خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کو تیار کھانا، فوڈ پیکج، پانی اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے ہمراہ وائس چیئرمین ڈیزاسٹر منیجمنٹ اکرام الحق سبحانی، صدر جنوبی پنجاب احمد عمار یاسر، نائب امیر جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی اور صدر الخدمت جلالپور پیروالا عدیل کریم بھٹی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ جلالپور کی آٹھ لاکھ آبادی میں سے پانچ لاکھ سیلاب سے متاثر ہوئی ہے، جن میں سے ڈیڑھ لاکھ افراد اب بھی پانی میں پھنسے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی 16 کشتیوں کے ذریعے ان افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے جبکہ دو ہزار متاثرین کو خیمہ بستی میں منتقل کر کے انہیں کھانا، پانی، میڈیکل اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 13 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ خیمہ بستی میں صاف پانی، تین وقت کھانا، واش رومز، مسجد، بچوں کے لیے پلے ایریا اور اسکول سمیت موبائل ہیلتھ یونٹ بھی قائم ہے۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ ملک بھر میں 42 ہزار سے زائد الخدمت رضاکار متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں اور 1896 سے زائد ریسکیو آپریشنز کے دوران 33 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک یہ مشن جاری رہے گا۔