ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے اعلان کردہ لانگ مارچ سے قبل پارٹی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روک دیا۔
جسٹس راجا انعام امین منہاس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کی اور ایس ایس پی آپریشنز کو ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران وکیل شعیب شاہین نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ سے قبل پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے اور گرفتاریاں دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چھاپوں کے دوران گھروں سے سامان اور رقم بھی لے جائی جاتی ہے۔
شعیب شاہین نے عدالت سے استدعا کی کہ رہنماؤں اور کارکنوں کو ہراساں اور گرفتار کرنے سے روکا جائے، جس پر عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔