ایران میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں، نمازجنازہ ادا

ایران میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس پہنچ گئیں، نمازجنازہ ادا
کیپشن: ایران میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن واپس پہنچا دی گئیں

ویب ڈیسک: ایران میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے آٹھ پاکستانیوں کی میتیں وطن واپس لائی گئیں۔جن میں سے چند کی نمازجنازہ بھی آبائی علاقوں میں ادا کردی گئی ہیں۔ یہ افسوسناک واقعہ 12 اپریل کو ایران کے سرحدی صوبے سیستان کے علاقے مہرستان میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ایک ورکشاپ میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق افراد میں سے سات کا تعلق پنجاب کے ضلع بہاولپور کے علاقے خانقاہ شریف سے تھا، جبکہ ایک کا تعلق ملتان کے نواحی شہر شجاع آباد سے تھا۔ ان میتوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے رات گئے ایران سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بہاولپور لایا گیا اور بعد ازاں ایمبولینسز کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے تمام افراد موٹر مکینک تھے اور روزگار کے سلسلے میں ایران کے صوبہ سیستان میں موجود ایک ورکشاپ میں کام کر رہے تھے۔ پاکستانی سفیر کے مطابق متاثرین میں محمد عامر، محمد دلشاد، محمد ناصر، ملک جمشید، محمد دانش، محمد نعیم، غلام جعفر اور محمد خالد شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس دلخراش واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

Watch Live Public News