ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکرٹری برائے مذاہب، کمیونٹیز اور آبادکاری لارڈ واجد خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے لارڈ واجد خان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اوورسیز پاکستانیز کنونشن میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے برطانوی بادشاہ چارلس سوم اور وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان-برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لیے لارڈ واجد خان کی کوششوں کو بھی سراہا۔
لارڈ واجد خان نے وزیراعظم کو اپنی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔