ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی اپیلیں اور سزا معطلی کی جلد سماعت کی متفرق درخواستیں منظور کرلی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا کے خلاف اپیلیں دو ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں بھی ساتھ دیکھ لیں گے۔
قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نےاستدعا کی کہ سزا معطلی کی درخواستیں بھی مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں۔
قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈویژن بینچ نے کیسز مقرر کرنے سے متعلق جوڈیشل آرڈر جاری کر دیا ہے۔جوڈیشل آرڈر کے بعد ہم ڈائریکٹ کوئی تاریخ نہیں دے سکتے ۔ ہم سزا کے خلاف اپیلوں کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں بھی دیکھ لینگے۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے وکیل ظہیر عباس ایڈووکیٹ اور عثمان گل عدالت میں پیش ہوئے۔ بشری بی بی کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے جلد سماعت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔بانی پی ٹی آئی 14 سال ، بشری بی بی سات سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ دونوں کی جانب سے اپیلیں اور سزا معطلی کی درخواست دائر کی گئی ہیں۔