ویب ڈیسک: معروف بھارتی پلے بیک سنگر جوبین نوٹیال کے بارے میں اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ انہوں نے خاموشی سے ریاست اتراکھنڈ میں شادی کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار نے اپنی بچپن کی دوست کو جیون ساتھی بنا لیا، تاہم اس حوالے سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ رپورٹس کے مطابق یہ شادی انتہائی سادگی کے ساتھ جوبین نوٹیال کے آبائی علاقے میں انجام پائی، جس میں صرف قریبی رشتہ داروں اور چند قریبی دوستوں کو مدعو کیا گیا۔ تقریب کو جان بوجھ کر عوامی نظروں سے دور رکھا گیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ گلوکار کی اہلیہ کی شناخت اب تک ظاہر نہیں کی گئی، جس کے باعث مداحوں میں تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔ خود جوبین نوٹیال کی جانب سے بھی اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش تصاویر میں جوبین نوٹیال کو پیچ رنگ کے کرتا اور ایمرلڈ ہار میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کی دلہن سادہ اور ہم آہنگ لباس میں ملبوس نظر آتی ہیں۔
واضح رہے کہ جوبین نوٹیال نے 2011 میں ریئلٹی شو ایکس فیکٹر انڈیا میں شرکت کے بعد اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور آج وہ بالی ووڈ کے معروف گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں، خاص طور پر اپنے رومانوی گانوں کے باعث انہوں نے وسیع شہرت حاصل کی۔