اسلام آباد میں پراپرٹی کے سرکاری ریٹس میں 33 فیصد تک کمی

اسلام آباد میں پراپرٹی کے سرکاری ریٹس میں 33 فیصد تک کمی
کیپشن: اسلام آباد میں پراپرٹی کے سرکاری ریٹس میں 33 فیصد تک کمی

ویب ڈیسک: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پراپرٹی خریدنے والوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مختلف سیکٹرز میں پراپرٹی کے سرکاری ویلیوایشن ریٹس میں 33 فیصد تک کمی کر دی ہے۔

نئے نوٹیفکیشن کے تحت متعدد سیکٹرز میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ سیکٹر B-17 میں قبضہ شدہ پلاٹس کا ریٹ 30 ہزار سے کم ہو کر 21 ہزار روپے فی مربع گز جبکہ بغیر قبضہ پلاٹس 15 ہزار سے کم ہو کر 10 ہزار 500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح C-14، C-15 اور C-16 میں بھی ریٹس کم کر کے بالترتیب 21 ہزار، 17 ہزار 500 اور 14 ہزار روپے فی مربع گز کر دیے گئے ہیں۔

ڈی سیریز کے سیکٹرز میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں D-12 کا ریٹ ایک لاکھ 30 ہزار سے کم ہو کر 91 ہزار جبکہ D-13 کا 16 ہزار سے کم ہو کر 11 ہزار 500 روپے فی مربع گز مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح E-12، F-15، G-13، G-14، G-15، G-16، G-17، I-11 اور I-14 سمیت دیگر سیکٹرز میں بھی پراپرٹی ریٹس میں نمایاں کمی کی گئی ہے، جس سے خریداروں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

تاہم پوش علاقوں میں ریٹس برقرار رکھے گئے ہیں۔ E-7 میں ویلیوایشن 2 لاکھ 25 ہزار روپے فی مربع گز جبکہ F-6 اور F-7 میں 2 لاکھ 10 ہزار روپے فی مربع گز برقرار ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمی بڑھنے اور خرید و فروخت میں تیزی آنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News