ویب ڈیسک: پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی منظوری اور داخلہ کارڈز کے اجرا سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ہدایت نامے کے مطابق وہ صحافی جو پہلے ہی اسلام آباد مذاکرات کے لیے رجسٹرڈ ہیں، انہیں دوبارہ درخواست دینے یا معلومات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے صحافیوں کو آئندہ مراحل اور طریقہ کار سے بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
نئے درخواست گزاروں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ پہلی بار داخلہ کارڈ حاصل کرنے کے لیے اپنے متعلقہ اداروں کے سرکاری خطوط کے ساتھ درخواست جمع کروائیں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ساتھ منسلک صحافیوں کا مکمل ریکارڈ ادارے کے متعلقہ شعبے کے پاس موجود نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے اپنے نمائندوں کی تفصیلات براہِ راست فراہم کریں تاکہ ان کی باقاعدہ رجسٹریشن مکمل کی جا سکے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ صحافیوں کی سہولت کے لیے متعلقہ افسران ہر وقت دستیاب ہوں گے تاکہ منظوری کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے سہولت مرکز کے مقام اور اوقات کار کی تفصیلات بھی جلد جاری کی جائیں گی۔