ویب ڈیسک: امریکا اور ایران جوہری بحران حل کرنے کے لیے 20 ارب ڈالر کے بدلے یورینیم ترک کرنے پر مذاکرات کر رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور جوہری تنازع کے خاتمے کے لیے 3 صفحات پر مشتمل مفاہمتی منصوبے پر بات چیت جاری ہے۔ منصوبے میں ایک اہم تجویز یہ ہے کہ امریکا ایران کے منجمد 20 ارب ڈالر جاری کرے گا، جس کے بدلے ایران اپنا افزودہ یورینیم کا ذخیرہ ترک کرے گا۔
مذاکرات کا مرکزی مقصد یہ ہے کہ ایران اپنی زیرِ زمین جوہری تنصیبات میں موجود تقریباً 2 ہزار کلوگرام افزودہ یورینیم، خاص طور پر 60 فیصد تک افزودہ 450 کلوگرام یورینیم تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔
ابتدائی مذاکرات میں امریکا ایران کو 6 ارب ڈالر دینے پر تیار تھا، جبکہ ایران نے 27 ارب ڈالر کا مطالبہ کیا تھا۔ تازہ ترین بات چیت میں 20 ارب ڈالر کی رقم زیر غور ہے۔
اس منصوبے میں آبنائے ہرمز اور ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے متعلق معاملات بھی زیر غور ہیں، تاہم اس پر ابھی بھی اختلافات باقی ہیں۔