اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لئے فاتحہ کی اور اُنکے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف لسبیلہ بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے کور کمانڈر 12 کور، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے گھر پہنچ گئے۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزیرِ اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی شہید کے لئے فاتحہ کی اور اُنکے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہ کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں، پاک فوج کے افسران و جوانوں نے اس وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت، پاک فوج کے جوان و افسران ہمیشہ قوم کے محافظ بن کر میدان میں اترے ہیں،مجھ سمیت پوری قوم اپنے شہداء کی ان قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ خیال رہے کہ وزیرِ اعظم اس سے پہلے 14 اگست کو میجر طلحہ منان شہید کے گھر انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کیلئے بھی گئے تھے۔