جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، آرمی چیف

جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، آرمی چیف
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرنشپ پروگرام کے شرکا سے خطاب کیا، انٹرنشپ پروگرام میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے 370 سے زائد طلبا شریک ہوئے، آرمی چیف نے قومی ترقی میں نوجوانوں کے کردار پر زور دیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک کے امن، ترقی اور خوشحالی میں بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، نوجوانوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سچ اور آدھے سچ کے درمیان فرق کو سمجھیں، نوجوان جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے، اقلیتوں کے خلاف عدم برداشت اور انتہائی رویے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کے لیے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔