(ویب ڈیسک ) بھارت کے معروف اور متنازع یوٹیوبر و بگ باس ونر ایلویش یادو کے گھر پر اتوار کی صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔
پولیس کے مطابق تین موٹر سائیکل سوار حملہ آور صبح تقریباً ساڑھے پانچ سے چھ بجے کے درمیان سیکٹر 57 میں واقع ان کے گھر پہنچے اور دو درجن سے زائد فائر کیے۔گولیاں گھر کی نچلی اور پہلی منزل کی دیواروں پر لگی، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس وقت ایلویش یادو گھر پر موجود نہیں تھے، وہ عمارت کی دوسری اور تیسری منزل پر رہتے ہیں۔ واقعے کے وقت ان کا کیئر ٹیکر اور چند اہل خانہ موجود تھے۔
فائرنگ کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی، فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے اور آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔
اہل خانہ کے مطابق واقعے سے قبل کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی تھی، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور باضابطہ شکایت درج ہونے کے بعد کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یوٹیوبر ایلویش یادو اس وقت ہریانہ سے باہر ہیں۔