ڈی پی او آفس  میں یوٹیوبر کی بال بنوانے کی ویڈیو وائرل، آئی جی کے پی نے سخت نوٹس لے لیا

ڈی پی او آفس  میں یوٹیوبر کی بال بنوانے کی ویڈیو وائرل، آئی جی کے پی نے سخت نوٹس لے لیا

(ویب ڈسیک)خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں ڈی پی او کے دفتر میں ایک شہری کے حجامت اور بال بنوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر آئی جی خیبرپختونخوا نے سخت نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ڈی پی او ہری پور کے آفیشل دفتر کے اندر ایک نائی باقاعدہ طور پر ایک شخص کے بال تراش اور سیٹ کر رہا ہے، جس پر عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق بال بنوانے والا شخص دراصل ایک لوکل یوٹیوبر ہے جو کسی ویڈیو کی ریکارڈنگ کے سلسلے میں وہاں آیا تھا۔ یوٹیوبر نے کیمرے کے سامنے آنے سے قبل بال سنوارنے کی خواہش ظاہر کی، جس پر حجام کو بلوا کر ڈی پی او کے دفتر میں ہی بٹھا دیا گیا۔

پولیس حکام کا مؤقف ہے کہ جس وقت یہ سب کچھ ریکارڈ ہو رہا تھا اور حجام کام کر رہا تھا، اس وقت ڈی پی او ہری پور خود دفتر کے اندر موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب واقعے کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہونے کے بعد آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے معاملے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ہزارہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے کی شفاف اور مکمل انکوائری کر کے تمام ذمہ داران کے خلاف تفصیلی رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے۔

Watch Live Public News