ویب ڈیسک: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے شاندار فٹبال کیریئر کے اختتام کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2026-27 کا سیزن ممکنہ طور پر فٹبالر کی حیثیت سے ان کا آخری سال ہوگا۔
41 سالہ رونالڈو نے حال ہی میں اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی کے لیے مکمل منصوبہ بندی کرچکے ہیں اور ’’شاندار ورثہ‘‘ چھوڑنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کے مطابق فٹبال سے دوری کے بعد وہ خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے، سفر کرنے اور پیڈل کھیلنے سمیت اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے فٹبال کیریئر کو 25 سالہ قربانیوں پر مشتمل سفر قرار دیا۔
رونالڈو نے 5 مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ، یووینٹس اور النصر کے لیے کھیلتے ہوئے متعدد بڑے اعزازات اپنے نام کیے ہیں۔ وہ سعودی کلب النصر سے وابستہ ہیں اور ان کا معاہدہ 2027 تک ہے۔
رونالڈو نے رواں سال ورلڈکپ کو بھی اپنے کیریئر کا آخری عالمی کپ قرار دیا تھا، جبکہ اب ان کے تازہ بیان سے فٹبال سے مکمل ریٹائرمنٹ کا امکان مزید واضح ہوگیا ہے۔