ویب ڈیسک: پنجاب میں پرائمری سطح پر تدریس کا طریقہ کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پانچویں جماعت تک طلبہ کے لیے ایکٹیویٹی بیسڈ کتابیں متعارف کرائی جائیں گی۔
پیکٹا حکام کے مطابق نئی کتابیں 2027 کے نئے تعلیمی سیشن سے نصاب کا حصہ بنیں گی، جبکہ نئے کریکولم کے مطابق کتابوں کی تیاری کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پہلی بار پرائمری سطح پر ایسا نظام متعارف کرایا جارہا ہے جس میں روایتی رٹہ سسٹم کے بجائے سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم سیکھنے پر توجہ دی جائے گی۔ نئے نظام کا مقصد طلبہ کی تخلیقی اور عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں نصابی مواد کو عملی زندگی سے جوڑنے کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔
پیکٹا حکام کے مطابق ایکٹیویٹی بیسڈ کتابوں کے ذریعے پرائمری کلاسز میں طلبہ کی عملی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھائی جائے گی، جبکہ بچوں کو محض کتابی معلومات یاد کرنے کے بجائے سمجھ کر سیکھنے کی ترغیب دی جائے گی۔
حکام کے مطابق نئے کریکولم کے تحت کتابوں کی تیاری جاری ہے اور 2027 کے تعلیمی سیشن سے پنجاب بھر میں نئی طرز کی کتابوں کے ذریعے تدریس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔