ویب ڈیسک: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی۔
اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی دو صفحات پر مشتمل رپورٹ کے ساتھ 24 صفحات کے اخباری تراشے اور عمران خان کے طبی معائنے کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جیل رولز کے تحت ہر منگل باقاعدگی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اب تک مجموعی طور پر 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کے کھانے پینے کی دن میں تین مرتبہ جانچ اور طبی معائنہ کیا جاتا ہے، جبکہ متعدد سرکاری ڈاکٹر بھی ان کا معائنہ کرچکے ہیں۔ ماہرِ امراضِ چشم سے بھی ان کا علاج کرایا گیا، جس کے بعد رپورٹ کے مطابق ان کی ایک آنکھ تقریباً نارمل ہوچکی ہے۔
رپورٹ میں 4 نومبر 2023 سے 10 اگست 2026 تک 39 طبی ماہرین کی جانب سے کیے گئے معائنے کی سمری بھی شامل کی گئی ہے۔ جیل حکام نے سپریم کورٹ سے مقدمہ نمٹانے کی استدعا کی ہے۔
رپورٹ میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا کی جانب سے ہائیکورٹ میں دی گئی اس یقین دہانی کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ جیل میں ملاقات کے بعد احاطے میں میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی۔ جیل حکام کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود میڈیا سے گفتگو کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی۔