’ کوئی شک نہیں ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی ‘

’ کوئی شک نہیں ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی ‘
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایجنڈے کے تحت ہی معاشی تباہی کی گئی ہے اور سیاستی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دے دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔ عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب ملک معاشی ترقی کی طرف چلنا شروع ہو جاتا ہے تو فسادی لشکر کیوں متحرک ہو جاتا ہے ؟ نوجوانوں کو روزگار دلانے کیلئے سیاسی بے روزگاروں سے نجات لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو جبکہ کسی کی کوشش ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے تو ایسا ہر گز نہیں ہو گا اور نہ کرنے دیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام کی بنیاد میں سرنگیں بچھانے کی سازش کر رہے ہیں تاہم ہم عوام کو روزگار اور روٹی کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔ سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں جب کہ سیلاب متاثرین کو بھوک ، بیماری اور سردی سے بچانے میں سیاسی شریروں کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں اور اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے کہ ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی ہے، سیاسی عدم استحکام اسی کا تسلسل ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔