ویب ڈیسک:محکمہ موسمیات کی ملک کے بالائی و مغربی علاقوں میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش کی پیشگوئی کردی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا۔
موسمی نظام کے زیر اثر 20 دسمبر کو بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز متوقع ہے، بلوچستان کے اضلاع چاغی، خاران اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور گردونواح میں بارش اور درمیانی سے شدید برفباری متوقع ہے۔
پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور اور اسکردو میں بارش اور برفباری، بعض مقامات پر شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ اور راولاکوٹ میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 20 سے 21 دسمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلیات اور مری میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی، وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ناران، کاغان، سوات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کیا، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ، سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔