(ویب ڈیسک )معاہدے پر دستخط کے بعد ہاکس بے ٹرک اڈے پرہڑتال کے خاتمے کا اعلان کردیا گیا۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے جو وعدے کیے ان کی بنیاد پر ہڑتال ختم کر رہے ہیں، ہمارے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر کا خطاب:
پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر نے ٹرانسپورٹرز کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ آرڈیننس میں مشاورت ناکرنا حکومتی غلطی تھی،ٹرانسپورٹر ہمارے بھائی ہیں، ہم ہیں تو یہ ہیں،ایک ہی غلطی پر متعدد محکموں کے جرمانے ختم کر دیے گئے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے بھاری جرمانے اور ایف آئی آرز کا سلسلہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بلال اکبر نے کہا کہ چوری یا فٹنس چیک کے دوران ویڈیو ثبوت لازم ہوگا،کراچی سے جاری ہونے والے چالان پنجاب میں تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔فٹنس سرٹیفکیٹ والی گاڑیوں پر اسٹیکر لگایا جائے گا،چلتی گاڑی سے دھواں نکلنے پر ویڈیو ریکارڈنگ کے بعد ہی جرمانہ ہوگا۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کنٹینرز کی غیر ضروری چیکنگ ختم کرنے کا اعلان بھی کردیا گیا۔ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کی پیچیدہ شرائط ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میڈیکل اور نظر درست ہونے پر فوری لائسنس جاری ہوگا۔
انہوں نے پنجاب کے ہر ڈویژن میں ٹرک اسٹینڈز بنانے کا اعلان کیا ۔ٹرانسپورٹرز کی مختلف کیٹیگریز کے لیے علیحدہ تنظیمیں بنائی جائیں گی۔ڈرائیوروں کے خلاف درج تمام ایف آئی آرز ختم کردی جائیں گی۔ پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور وفاق سب ٹرانسپورٹرز کا ہے۔
میئر کراچی مرتضی وہاب کا خطاب:
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ ٹرانسپورٹ برادری سے مشاورت کے بعد فیصلے کرتی ہے،مستقبل میں بھی ٹرانسپورٹرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کیے جائیں گے،پرامن احتجاج پر ٹرانسپورٹرز کو خراجِ تحسین، ماڑی پور روڈ کھلا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کھڑے ہیں،ایل ٹی وی سے ایچ ٹی وی لائسنس کا مسئلہ سندھ کابینہ میں حل کیا جائے گا،کمشنر کراچی سے لائسنس مسئلے پر معاملات طے ہو چکے ہیں،ناردرن بائی پاس پر ٹرک پارکنگ کے لیے ساڑھے تین سو ایکڑ زمین مختص کی جا رہی ہے،ٹرانسپورٹرز کو گاڑیاں پارک کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی،وہی وعدہ کریں گے جو پورا ہو سکے۔