پبلک نیوز: پی آئی اے نے کراچی اور لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت اور تجارتی مرکز باکو کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔ پی آئی اے باکو کے لئے ہفتہ وار دو براہ راست پروازیں چلائے گی۔ ایک پرواز کراچی سے اور دوسری لاہور سے چلائی جائے گی۔ پہلی بروز بدھ 16 مارچ 2022 کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے روانہ ہوگی۔ جبکہ دوسری علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے 19 مارچ 2022 کو روانہ ہوگی۔ یہ پروازیں باکو میں مقیم پاکستانیوں کےعلاوہ دونوں ممالک کے شہریوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتی ہیں۔ باکو کو سیاحتی مقام کے طور پر اعلی درجہ حاصل ہے۔ مسافر اب آسانی سے کراچی اور لاہور سے براہ راست باکو تک پی آئی اے کی پرواز سے سفر کر سکیں گے۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے پروازوں کے انتظامات کو حتمی شکل دینے پر پی آئی اے حکام کو مبارکباد پیش کی۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے نیٹ ورک میں مزید مقامات کو شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ایئر لائن نے مارکیٹنگ اور دیگر شعبوں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔