ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے اور ڈرافٹ سسٹم میں تبدیلی کی بھرپور حمایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے ٹیم مالکان کو مشورہ دیا کہ فرنچائزز کی مارکیٹ ویلیو میں اضافے کے بعد اب کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے پی ایس ایل 11 سے کھلاڑیوں کے لیے آکشن سسٹم متعارف کرانے کی تجویز دی تاکہ کھلاڑی اپنی بہتر مالی قدر حاصل کر سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے دو نئی ٹیموں کو کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے مساوی مواقع دینے پر بھی زور دیا، جبکہ آئندہ ورکنگ کمیٹی اجلاس میں پرانی ٹیموں کی ری ٹینشن پر غور متوقع ہے۔
گزشتہ روز محسن نقوی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں آٹھ فرنچائزز، پی سی بی اور پی ایس ایل حکام نے شرکت کی، جس میں نئی ٹیموں کے مالکان کو خوش آمدید کہا گیا اور ٹیموں کی کامیاب نیلامی پر مبارکباد دی گئی۔