ویب ڈیسک: کراچی کے علاقہ ایم اے جناح روڈ پرآتشزدگی ، 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی ہوگئے،کچھ افراد بھگدڑ اورکچھ جلدبازی میں زخمی ہوئے،دکانوں میں آتشزدگی سے خوف وہراس ،گل پلازہ میں واقع دکانوں میں آگ لگی، فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آگ لگ گئی، متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، فائر بریگیڈحکام کا کہنا ہے کہ 10 فائر ٹینڈرز، دو اسنارکل اور ایک واٹر باوزر کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
جان بچانے کے لیے بھگڈر اوردھویں کی وجہ سے دم گھٹنے سے دس افراد زخمی ہوگئے اوردوران علاج دوافراد جاں بحق ہوگئے ہیں،فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں،فائرآفسرکا کہناہے کہ آگ پرفوری قابوپانا ممکن نہیں ہے۔
فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی،سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی، واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئے، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
صدر گل پلازہ کے قریب عمارت میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے کے باعث حمزہ ولد محمد علی عمر 22 سال ، جواد ولد جاوید عمر 18 سال ، ایان ولد نامعلوم عمر 25 سال، عبداللہ ولد ظہیر عمر 20 سال، عثمان ولد اضغر علی عمر 20 سال، فہد ولد حنیف عمر 47 سال اور زین ولد عبداللہ عمر 23 سال زخمی ہوئے جبکہ دو افراد جاں بحق ہوئے جن کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ ایس ایس سٹی فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کریں، شہریوں کے محفوظ راستے کےلئےٹریفک متبادل روٹس بنائے جائیں ، تفتیش اور تحقیق سے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگائیں۔
گل پلازہ کی عمارت کو مکمل محفوظ اور سیکیور کیا جائے اور آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، گل پلازہ تک فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کےلئے راستوں کو کلیئر کیا جائے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے، آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا،شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔
آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند ہے۔
ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔