کراچی ایئرپورٹ کے اطراف کچرا کھلے عام پھینکنے پر پابندی

کراچی ایئرپورٹ کے اطراف کچرا کھلے عام پھینکنے پر پابندی
کیپشن: کراچی ایئرپورٹ کے اطراف کچرا کھلے عام پھینکنے پر پابندی

ویب ڈیسک: کراچی ایئرپورٹ کے اطراف طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز میں رات کے وقت کھانا اور کچرا کھلے عام پھینکنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ایئرپورٹ کے 4 کلومیٹر کے فنل زون میں پرندوں کو متوجہ کرنے والے مقامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس زون میں موجود 25 سے 30 ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی فہرست بھی زیرِ غور آئی۔

اجلاس میں متعلقہ مالکان کو صفائی کا مؤثر نظام یقینی بنانے اور سینیٹیشن اسٹاف مقرر کرنے کا پابند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کھانے اور کچرے کو کھلے عام ڈمپ کرنے کے بجائے پولی تھین بیگز میں پیک کرکے مخصوص مقامات تک منتقل کرنا ہوگا۔

کمشنر کراچی نے ملیر اور کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز کو پرندوں سے طیاروں کے تصادم کے خطرات کم کرنے کے لیے جامع رپورٹ 3 ہفتوں میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

اجلاس میں پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے شرکت کی۔

Watch Live Public News