جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،1 روزہ مقامی چھٹی کا اعلان

جڑواں شہروں میں طوفانی بارش،1 روزہ مقامی چھٹی کا اعلان
کیپشن: جڑواں شہروں میں موسلادھاربارش،نالیہ لئی کے اطراف سیلابی صورتحال

ویب ڈیسک: راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ شب سے جاری موسلا دھار بارش نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا۔ جڑواں شہروں میں اب تک 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔جس کی وجہ سے ایک روزہ مقامی چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ سمیت کئی مقامات پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جب کہ دریائے سواں کا پل بھی پانی میں ڈوب گیا ہے۔

سیلابی صورتحال کے پیش نظر نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر انخلا کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے، جب کہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا نے پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں فوج کی مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب، جہلم میں بھی طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے فوج سے مدد مانگ لی ہے۔

صورت حال کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر میں ایک روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن میں شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر وادی نیلم، آزاد کشمیر میں بھی رات بھر جاری رہنے والی موسلادھار بارش کے باعث دریائے نیلم اور مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

Watch Live Public News