ویب ڈیسک: امریکا کی جانب سے ایران پر مسلسل چھٹے روز بھی فضائی حملے کیے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس بار حملوں میں متعدد شہری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جبکہ مختلف علاقوں میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ نے ایران شہر ایئرپورٹ (Iranshahr Airport)، بندر عباس، بندر خمیر، اہواز اور بوشہر کے علاقوں میں حملے کیے۔ ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں میں تین پل تباہ ہوئے، جبکہ کم از کم دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس میں ایک رہائشی عمارت، کمیونیکیشن ٹاور اور ریلوے اسٹیشن بھی حملوں کی زد میں آئے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، جبکہ بوشہر میں بحری تنصیبات کو بھی نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی فوج نے خلیج فارس میں ایک سپر ٹینکر پر کارروائی کی۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق متعلقہ جہاز نے امریکی احکامات پر عمل کرنے سے انکار کیا تھا۔
امریکی حکام کے مطابق امریکی میرینز نے ایک اور جہاز پر چڑھ کر اس کی تلاشی بھی لی، جبکہ ایران کی جانب سے عائد ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کرنے والے تین جہازوں کو اپنا راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا۔
ان واقعات پر ایرانی حکام کی جانب سے امریکی دعووں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔