ویب ڈیسک: ملک میں آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی قوانین میں اصلاحات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے خصوصی ریفارمز کمیٹی قائم کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریفارمز کمیٹی کا مقصد انتخابی نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید بنانا ہے۔ کمیٹی انتخابی قوانین اور آئین میں ضروری ترامیم سے متعلق تجاویز تیار کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام کے ساتھ انتخابی امور کے ماہرین بھی شامل ہوں گے، جبکہ عام انتخابات 2024 کے دوران سامنے آنے والے مسائل اور چیلنجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ریفارمز کمیٹی الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 میں ممکنہ ترامیم پر غور کرے گی۔ اس عمل کے دوران تمام سیاسی جماعتوں، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق مشاورت اور جائزے کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی، جن کی بنیاد پر انتخابی نظام میں بہتری کے لیے آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔