’عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا‘

’عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا‘
کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر تین میں سے ایک بچے کے غذائی قلت کے شکار ملک میں عمران خان نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگادیا، چالیس فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ہمارے بچوں کے قتل کے مترادف ہے، چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوف ناک قیمت ہوگی جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی 20 ہزار روپے مقرر کرکے 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے اور کہا کہ عزیز ہم وطنو! ملک ترقی کرگیا ہے، صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کے خرچ میں 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا کہ جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا، پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کے لئے اپوزیشن کی آواز دبارہی ہے، عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کرواکر وہ بچ جائیں گے، ہم بجٹ کا سارا کچاچٹھا عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔

Watch Live Public News