کراچی: نو منتخب میئر کراچی اور سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللّٰہ مراد نے جمعہ کو عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونین خصوسی لیاقت آسکانی، کرم اللہ وقاصی، پیر معظم ،آصف خان اور شکیل چودھری و دیگر ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر اوقاف، ڈپٹی کمشنر جنوبی مرتضیٰ شیخ اور دیگر نے انہیں خوش آمدید بھی کہا۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، نو منتخب میئر کراچی نے پاکستان خصوصاً کراچی کی ترقی اور شہر و شہریوں کی بہتری کیلئے دعا مانگی۔ اس موقع پر نو منتخب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ نے کہا کہ شہر قائد کی بہتری کے لئے اپنی خدمات اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔