ویب ڈیسک: کرکٹ میں ایک غیر معمولی لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب کسی پروفیشنل ٹی ٹوئنٹی یا لسٹ اے میچ میں پہلی بار تین سپر اوورز کے بعد میچ کا فیصلہ ہوا۔
یہ یادگار مقابلہ ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز کے تحت نیدرلینڈز اور نیپال کے درمیان گلاسگو میں کھیلا گیا، جہاں نیدرلینڈز نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی۔
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ جواب میں نیپال نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر بالکل اتنے ہی رنز اسکور کیے، جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں گیا۔
پہلے سپر اوور میں نیپال نے 19 رنز بنائے، جس کا نیدرلینڈز نے بھرپور جواب دیا اور اسکور برابر کر دیا۔
دوسرے سپر اوور میں نیدرلینڈز نے 17 رنز بنائے اور نیپال کی ٹیم بھی بالکل اتنے ہی رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
تاہم، تیسرے اور فیصلہ کن سپر اوور میں نیپال کی ٹیم صرف چار گیندوں پر دو وکٹیں گنوا بیٹھی اور کوئی رن نہ بنا سکی۔
نیدرلینڈز کو جیت کے لیے صرف 1 رن درکار تھا، مگر بیٹر نے چھکا لگا کر میچ کا شاندار اختتام کیا اور کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا۔