ایئر انڈیا طیارہ حادثہ کی ویڈیو بنانے والا کون نکلا؟

ایئر انڈیا طیارہ حادثہ کی ویڈیو بنانے والا کون نکلا؟

ویب ڈیسک: بھارت کے شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کے المناک طیارہ حادثے کی ویڈیو بنانے والا 17 سالہ ہائی اسکول طالبعلم آریان آساڑی خبروں کی زینت بن گیا،  حادثے کے عینی شاہد بننے کے بعد شدید صدمے کا شکار ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق آریان آساڑی  جسے جہاز دیکھنے کا شوق تھا، اپنے گھر کی چھت پر معمول کے مطابق کھڑا طیارے دیکھ رہا تھا کہ اچانک اس نے ایک ایئر انڈیا کے مسافر طیارے کو نیچے کی طرف تیزی سے گرتے دیکھا۔

  آریان آساڑی نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’طیارہ نیچے آتا گیا، پھر اچانک ڈگمگایا اور میری آنکھوں کے سامنے زمین سے ٹکرا گیا۔‘

آریان نے اس ہولناک منظر کی ویڈیو بنائی اور اپنے چند دوستوں کو بھیجی،  دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اب یہ ویڈیو تحقیقاتی ٹیم کے لیے اہم ترین ثبوت بن چکی ہے جو اس سانحے کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس واقعے کے بعد آریان آساڑی نے کہا کہ اب جہازوں کو دیکھنے کا شوق اس کے دل سے نکل چکا ہے کیونکہ جو کچھ اس کی آنکھوں نے دیکھا، وہ زندگی بھر نہیں بھول سکے گا۔

یاد رہے کہ اس حادثے میں کم از کم 270 افراد ہلاک ہوئے۔ اب تفتیش کاروں نے طیارے کے کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی حاصل کر لیا ہے، جس کی مدد سے حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چلایا جائے گا۔

حکام کے مطابق حادثے کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ جلد منظر عام پر لائی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

 

Watch Live Public News