ویب ڈیسک: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ( ڈریپ) نے ملک بھر میں فروخت ہونے والی غیر معیاری آٹو ڈس ایبل سرنجز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 بڑی کمپنیوں کے 5 بیچز کی فروخت اور استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دستیاب بعض آٹو ڈس ایبل سرنجز کے غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ڈریپ نے میڈیکل پروڈکٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈریپ کے مطابق سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کراچی کی رپورٹ میں مختلف نمونوں کو آٹو ڈس ایبلٹی ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہ اترنے پر غیر معیاری قرار دیا گیا، جس کے باعث ان کے دوبارہ استعمال کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر معیاری پائی جانے والی سرنجز کا تعلق لاہور، پشاور اور صوابی سے ہے۔ ان میں صوابی کی کمپنی "سرجی پلاسٹ” کی کلینک آٹو ڈس ایبل سرنج کا ایک بیچ، پشاور کی "فرنٹیئر فارما” کی میڈی ایکوا آٹو سرنج کا بیچ AD1B25، جبکہ لاہور کی "صحت میڈیکل ڈیوائسز” کی الٹرا فائن آٹو سرنج کے دو بیچز شامل ہیں۔
ڈریپ نے خبردار کیا ہے کہ متاثرہ سرنجز میں آٹو ڈس ایبل سسٹم کی خرابی کے باعث انہیں دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جو ہیپاٹائٹس اور ایچ آئی وی سمیت مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ کا سنگین خطرہ پیدا کرتا ہے۔
اتھارٹی نے تمام صوبائی ڈرگ کنٹرول اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ مارکیٹ میں موجود متاثرہ بیچز کو فوری طور پر ضبط کیا جائے اور ان کی فروخت روکی جائے۔
مزید برآں مینوفیکچررز، امپورٹرز اور ڈسٹری بیوٹرز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متعلقہ سرنجز کے تمام بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوا کر رپورٹ جمع کرائیں۔