ویب ڈیسک: پاور ڈویژن نے صارفین کو سہولت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا، آسان اور شفاف فارمیٹ متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد بلنگ کے نظام کو زیادہ واضح، منظم اور صارف دوست بنانا ہے۔
وزارتِ توانائی کی ہدایت پر تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے بجلی کے بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کیا ہے، جس میں بجلی کے استعمال، بل کی تفصیلات اور ادائیگی سے متعلق معلومات کو نہایت واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئے فارمیٹ میں تمام معلومات کو سادہ اور مربوط انداز میں ترتیب دیا گیا ہے تاکہ صارفین ایک نظر میں اپنی کھپت، واجب الادا رقم، مقررہ تاریخ اور دیگر تفصیلات آسانی سے سمجھ سکیں۔
پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ پرانا بل اپنی پیچیدہ ترتیب، تکنیکی اصطلاحات اور غیر ضروری معلومات کے باعث عام صارف کے لیے مشکل تھا، جس کے پیش نظر اسے مکمل طور پر ازسرنو ڈیزائن کیا گیا ہے۔
نئے فارمیٹ میں بصری پیچیدگی کم کرتے ہوئے اسے ہر طبقے کے صارفین کے لیے قابلِ فہم بنایا گیا ہے، جبکہ بل میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین اضافی معلومات اور ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق یہ نیا ڈیزائن صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے، اور پاور سیکٹر میں شفافیت اور بہتری کے لیے اصلاحات کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔