ویب ڈیسک: سندھ کابینہ نے آئندہ مالی سال 2026-27 کے صوبائی بجٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کا مجموعی حجم 2.7 ٹریلین روپے سے زائد ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کی تجویز شامل ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت کی کوشش تھی کہ تنخواہوں میں کم از کم 10 فیصد اضافہ کیا جائے، تاہم مالی مشکلات کے باعث یہ اضافہ محدود رکھا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر صوبے پر مالی دباؤ موجود ہے، جس کے باعث بڑے اضافے کا فیصلہ ممکن نہیں ہو سکا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں تمام طبقات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر غربت کے خاتمے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کو تسلسل دینا اور عوامی سہولیات میں بہتری لانا ہے۔