(ویب ڈیسک ) بھارتی تیلگو فلموں کے اداکار وشواک سین کے گھر میں چوری کی بڑی واردات کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیورات چوری ہوگئے ہیں۔
تیلگو اداکار وشواک سین کے حیدرآباد کے فلم نگر میں واقع گھر 16 مارچ کو چوری کی واردات ہوئی۔ اداکار کے والد، سی راجو المعروف کراٹے راجو، نے قریبی پولیس اسٹیشن میں چوری کی شکایت درج کرائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوروں نے ہیرے کی انگوٹھی، سونے کے زیورات اور 2.2 لاکھ روپے نقدی چرالی۔ وشواک سین نے اب تک چوری کے حوالے سے کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چوری تیسری منزل پر ہوئی، جہاں اداکار کی بہن وَنمائی رہتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 16 مارچ کو صبح تقریباً 5:50 بجے پیش آیا، جب وشواک سین گھر پر موجود نہیں تھے۔ وَنمائی نے جاگنے کے بعد اپنے کمرے میں بکھرے ہوئے سامان کو دیکھا اور اپنے والد کو بتایا، جنہوں نے بعد ازاں پولیس میں شکایت درج کرائی۔
وشواک سین کے خاندان نے پولیس کو بتایا کہ واقعے سے دو دن پہلے تک وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
شکایت درج کرانے کے بعد، پولیس اہلکاروں نے وشواک سین کے گھر کا معائنہ کیا اور انگلیوں کے نشانات اور دیگر سراغ جمع کیے۔ چوروں کو پکڑنے کے لیے قریبی کیمروں کے سی سی ٹی وی فوٹیج تک بھی رسائی حاصل کی گئی۔ کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ وشواک سین کو آخری بار تیلگو فلم 'لَیلا' میں دیکھا گیا تھا، جس کے غیر مہذب اور فحش مذاق پر تنقید کی گئی تھی۔ اداکار نے فلم کی ناکامی کو تسلیم کیا اور مزید بہتر کام کرنے کا وعدہ کیا۔ وشواک سین اب ڈائریکٹر کے وی انودیپ کے ساتھ مل کر ’’فنکی‘‘ نامی فلم میں کام کریں گے۔