ویب ڈیسک: پاکستان میں تعینات روسی سفیر البرٹ پی خوریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان رابطہ کرے تو روس اسے سستا تیل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کا اہم ستون ہے، تاہم تاحال پاکستان کی جانب سے تیل کی خریداری کے لیے کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔
روسی سفیر نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی پیچیدہ ہو چکی ہے اور اس کے خاتمے سے متعلق پیشگوئی ممکن نہیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مسائل کا حل سفارتی ذرائع سے نکالیں۔
انہوں نے ایران میں ایک اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا، جبکہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں کو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا سبب بھی قرار دیا۔