ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث جیل سے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ کے وکیل رانا مدثر کے مطابق فجر کی نماز کے بعد شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف ہوئی، جیل کے ڈاکٹروں نے معائنہ کیا، طبیعت نہ سنبھلنے پر شاہ محمود قریشی کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پی آئی سی منتقل کیا گیا۔
پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا، جہاں ان کی ای سی جی نارمل آئی جبکہ ٹروپ آئی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی اور سی بی سی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ کیے گئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا بلڈ پریشر ابتدائی طور پر بلند تھا تاہم اب وہ نارمل ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی حالت اب مستحکم ہے اور وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں۔ حتمی طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی ممکنہ ڈسچارج یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ قانونی ٹیم بھی مسلسل شاہ محمود قریشی کی صحت اور علاج کے عمل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اس وقت مختلف مقدمات کے باعث جیل میں قید ہیں، اور ان کی صحت کی خرابی کے باعث یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے حلقوں کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کی جا رہی ہیں۔