ویب ڈیسک: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی (اے ٹی سی) کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ اور بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں علیمہ خان اپنے وکلاء علی بخاری اور فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔
دورانِ سماعت وکیل صفائی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست گزار کا نام پرووژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ سے نکالنے کا حکم جاری کیا ہے، درخواست گزار صرف 3 ہفتوں کے لیے حاضری سے استثنیٰ چاہتی ہیں، انڈر ٹیکنگ دینے کے لیے تیار ہیں، درخواست گزار مقررہ وقت میں عدالت سے رجوع کریں گی، ٹرائل شروع ہی نہیں ہوا درخواست گزار کی ذاتی پیشی ضروری نہیں۔
علیمہ خان کی بیرون ملک جانے کی درخواست پر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نوبل کاز پر پراسیکیوشن کا کوئی اعتراض نہیں، ملزمہ جس مقدمے میں ریلیف چاہتی ہیں اسی مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر رکھی ہے، ملزمہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست 21 مئی کےلیے مقرر ہے۔راولپنڈی میں ملزمہ کے خلاف 11 اور مقدمات درج ہیں، ملزمہ کے خلاف راولپنڈی میں درج کسی مقدمے میں ضمانت نہیں ہوئی ہے، ٹرائل اور ضمانت کی کارروائی میں استثنیٰ دو مختلف باتیں ہیں۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں استثنیٰ بنتا ہی نہیں، ضمانت قبل از گرفتاری کے کیس میں ملزمہ کی ذاتی پیشی ضروری ہے، سوائے میڈیکل گراؤنڈ کے ملزم کو استثنیٰ کسی صورت نہیں مل سکتا، درخواست گزار کا فنڈ ریزنگ میں اضافی کردار ہے، بنیادی کردار نہیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کی دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے علیمہ خان کی حاضری سے استثنی اور بیرون ملک جانے کی درخواست خارج کردی۔
درخواست پر محفوظ فیصلہ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے سنایا۔
مجھ سے کیوں خوفزدہ ہیں کہ مجھے سفر نہیں کرنے دے رہے: علیمہ خان
دوسری جانب راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےبانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ مجھ سے کیوں خوفزدہ ہیں کہ مجھے سفر نہیں کرنے دے رہے۔مجھ پر الزام ہے کہ میں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام کارکنوں تک پہنچایا۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ صرف پیغام رسانی کی وجہ سے مجھ پر 60 مقدمات بن چکے ہیں۔اڈیالہ جیل میں بریفنگ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے ہمیں نہیں بتایا۔ہم اپنے بھائی کے لیے کھڑے ہیں، ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔